ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منکی پولیس کے ہتھے چڑھ گئی عادی چوروں کی ایک اور گنیگ  

منکی پولیس کے ہتھے چڑھ گئی عادی چوروں کی ایک اور گنیگ  

Mon, 20 May 2024 17:31:44    S.O. News Service

ہوناور، 20 /مئی (ایس او نیوز) کسی نہ کسی کام کے بہانے گاوں گاوں کے چکر لگانے اور پھر وہاں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں انجام دینے والی عادی چوروں کی ایک اور گینگ منکی پولیس کے ہتھے چڑھ گئی جس میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے عادی چور بھی شامل ہیں ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ 29 اپریل کی دیر رات کو ہوناور تعلقہ کے منکی میں واقع زیورات کی دکان کاماکشی جیویلرس میں شٹر کو توڑ تے ہوئے ڈکیتی انجام دی گئی تھی جس میں لٹیروں نے 296 گرام وزنی اور تقریباً 14.55 لاکَھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات کے علاوہ 22.50 کلو گرام وزنی اور تقریباً 11.10 لاکھ روپے مالیت کے چاندی کے زیورارت اور سامان پر ہاتھ صاف کیا تھا ۔  
    
منکی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج ہونے کے بعد مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی ٹیم نے 7 افراد پر مشتمل عادی چوروں کی گینگ کو گرفتار کر لیا ۔ جن کی شناخت بھٹکل مخدوم کالونی کے قادر میاں سوتار ( گینگ لیڈر)، بھٹکل مخدوم کالونی کے جعفر صادق شیخ، بھٹکل بلال کھنڈ کے اکرم سید محمد حسین، بھٹکل طلحہ کالونی کے محمد مزمل نثار احمد، کاروار ہبو واڈا کے ابراہیم داود صاب اور کاروار کونے واڈا کے حضرت علی صاب کے طور پر کی گئی ہے ۔ 
    
ڈکیتی میں قادر میاں سوتار کا ساتھ دینے والا مخدوم کالونی بھٹکل کا جعفر صادق شیخ کنویں کھودنے کا کام کرتا ہے ۔ اسی کے ساتھ چوری کی وارداتوں میں حصہ لیتا ہے ۔ اس سے قبل اس پر سرسی، مرڈیشور، گوکرن، کنداپور اور بھٹکل پولیس تھانوں میں چوری اور ڈکیتی کے معاملے درج ہو چکے ہیں ۔ دوسرا ملزم کاروار کا حضرت علی صاب عمارتوں کی پینٹنگ کا کام کرتا ہے ۔ اس سے پہلے کاروار میں پیش آئی چوری کی پانچ وارداتوں میں وہ شریک رہا ہے اور گرفتار ہونے کے بعد ضمانت پر رہا ہو کر قادر میاں کی گینگ میں شامل ہوا ہے ۔
    
 لٹیروں کی اس گینگ کا لیڈر محمد قادر میاں سوتار (28 سال) ٹائلس فٹنگ کا کام کرتا ہے ۔ وہ جس جگہ ٹائلس کے کام پر جاتا ہے اس کے اطراف کے ایسے گھروں اور دکانوں کا جائزہ لیتا ہے جو بھیڑ بھاڑ سے دور الگ جگہ پر ہوں اور ان کا تالا توڑ کر چوری کرنا آسان ہو ۔ پھر اپنی گینگ کے ساتھ پلان بنا کر واردات انجام دیتا ہے ۔
    
اس سے قبل بیندور میں جیویلری شاپ میں کی گئی  ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے ۔ اس کے علاوہ منکی میں نرنجن نگر کے ایک گھر میں ہوئی چوری کی واردات میں بھی یہ ملزم ہے ۔ 
    
بھٹکل بلال کھنڈ کا اکرم سید محمد حسین کپڑوں کا بیوپار کرتا ہے ۔ پارٹ ٹائم کام کے طور پر چوری اور ڈکیتی کرتا ہے ۔ یہ ہاویری کے بنکاپور میں ایک، بھٹکل دیہی پولیس تھانہ حدود میں تین، اڈپی کے برہماور میں دو، سرسی دیہی پولیس اسٹیشن حدود میں دو چوری کی وارداتوں، گانجہ فروشی اور چار سو بیسی کے معاملات میں شامل رہا ہے ۔ 
    
بھٹکل طلحہ کالونی کا محمد مزمل نثار احمد قلی کا کام کرتا ہے ۔ چوری کی وارداتوں انجام دینے کے لئے یہ آن کال دستیاب رہتا ہے اور فون آنے پر گینگ کے ساتھ مل کر چوری اور ڈکیتی میں حصہ لیتا ہے ۔ کاروار کا ابراہیم داود صاب اس سے قبل انکولہ میں پیش آئی ایک واردات میں شامل رہنے کی وجہ سے گرفتار ہو چکا ہے ۔ اس گینگ میں ظہور رفیق منڈل نامی مغربی بنگال کا شخص بھی شامل ہے جو بھٹکل سکینہ کامپلیکس کے پاس گزشتہ دس سال سے قیام پزیر ہے ۔ یہ چرائے گئے زیورات کو پگھلانے کا کام کرتا ہے ۔ 
    
عادی چوروں کی اس ٹولی کو گرفتاری کے بعد منکی پولیس نے عدالت کے سامنے پیش کیا جہاں سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔


Share: